معذور افراد کی بحالی معاشرے کی ذمہ داری ہے،مولانا عزیر احمد

والدین معذور اولاد کو زحمت نہ سمجھیں، یہ رب کی رحمت اور رضا حاصل کرنے کابہترین ذریعہ ہے،نائب امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

منگل 15 مئی 2018 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) معذور افراد کی بحالی معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ والدین معذور اولاد کو زحمت نہ سمجھیں، یہ رب کی رحمت اور رضا حاصل کرنے کابہترین ذریعہ ہے۔ اسلام نے ہمیشہ معذور اور کمزور افراد کی مدد کا حکم دیا ہے۔ اسپیشل افراد کی بحالی کیلئے نصرت ٹرسٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولانا عزیر احمد نے نصرت ٹرسٹ کے تحت معذور افراد میں رمضان پیکج کی امدادی رقم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن کے فنانس سیکریٹری مفتی ابو طلحہ محی الدین نے اپنے خطاب میں معذور افراد کو خودمختار اور کارا?مد شہری بنانے کیلئے رمضان کے بعد ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نصرت ٹرسٹ محدود وسائل کے باوجود معذور افراد کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

معاشرے کے کمزور اور معذور افراد کی بحالی اور ان کو معاشرے کا کارا?مد شہری بنانا صحت مند اور مخیر حضرات کی ذمہ داری ہے۔

نصرت ٹرسٹ کا معذور بچوں کی فوڈ ہیلپ اسکیم، وہیل چیئرز کی تقسیم کے بعد رمضان پیکج کی تقسیم بڑا قدم ہے۔ رمضان کے بعد ووکیشنل پروگرام میں معذور افراد کو مختلف ٹریننگ دیکر احساس محرومی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ مخیر حضرات نصرت ٹرسٹ کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے آگے آئیں۔ بعدازاں مولانا عزیز احمد نے 230 معذور افراد میں رمضان پیکج کے تحت 3 ہزار روپے فی فرد کے حساب سے تقسیم کئے۔ تقریب میں کلفٹن بلاک 2 کے علاقہ معززین سمیت دیگر نے شرکت کی۔