غزہ میں درجنوں فلسطینیوں کی شہادت، ترکی نے اسرائیلی قونصل جنرل کو ملک بدر کر دیا

بدھ 16 مئی 2018 16:40

استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ترکی نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال میں درجنوں افراد کی شہادت پر احتجاجاً اسرائیلی قونصل جنرل کو ملک بدر کر دیا۔

(جاری ہے)

ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی طرف سے بدھ کو جاری رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اسرائیل کی طرف سے غزہ میں فلسطینی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے جواب میں کیا گیا ہے جس میں 60 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 2700سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی قونصل جنرل کو ایک مدت کے لئے ترکی چھوڑنے کو کہا گیا ہے۔ترکی نے ایک اور اقدام کے تحت تل ابیب میں تعینات اپنے سفیر کو مشاورت کے لئے وطن واپس بلا لیا ہے۔ درایں اثناء اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں تعینات ترک قونصل جنرل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔