پیپلز لیبر یونین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈکا مرکزی جلسہ ریفرنڈم 2018 کا انعقاد

انتظامیہ واٹر بورڈ سندھ گورنمنٹ کو ادارے میں پانی اور ریکوری کے سلسلے میںدرست اعداد و شمار نہیں دیتی، جنرل سیکریٹری سید محسن رضا

بدھ 16 مئی 2018 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پیپلز لیبر یونین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈکا مرکزی جلسہ ریفرنڈم 2018کے سلسلے میں کارساز نائنتھ مائل میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ اور واٹر بورڈ کے وائس چئیرمین ساجد جوکھیو، بلاول ہائوس میڈیا سیل کے سردار نزاکت ،سینئر مزدور رہنما ء حبیب الدین جنیدی، رحمت اللہ سرکی، مشتاق مٹو، چئیرمین پیپلز لیبر یونین گل حمید میمن ، صدر لیاقت علی مگسی، جنرل سیکریٹری سید محسن رضا، اشفاق اعوان ، اکبر یوسفی ، معشوق لغاری، رخدان اللہ، شہاب حسین، سرفراز ملک، منصور کیانی، احمد علی کچھی، رفیق شریف، یونس کھوکھر، زاہدخان، مشتاق بھائی نے خطاب کیا،اس موقع پر جنرل سیکریٹری سید محسن رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ واٹر بورڈ سندھ گورنمنٹ کو ادارے میں پانی اور ریکوری کے سلسلے میںدرست اعداد و شمار نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

مزدورں کا سپریم کورٹ کے نام پر استحصال کیا جارہا ہے۔ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی نے سال 2012میں جو محنت کشوں کے 2600 پروموشن کئے جن میں 1200محنت کشوں کی فکسییشن بھی ہوگئی تھی اور تین سے چھ ماہ تک تنخواہ بھی وصول کی"DPC-II"کے ممبران نے اعزازیہ بھی وصول کیا ، لیکن اچانک 89/2011سپریم کورٹ کے کیس کا حوالہ دیکر تمام پروموشن کینسل کردئے ۔جبکہ ایک ہی لیٹر سے DPC-Iکے کنفرمیشن لیٹر 2018 بھاری رشوت کے عوض سیکریٹری بلدیات کے دفتر سے جاری کئے جارہے ہیں ، مرحومین کے لواحقین کے انٹرویو ہوئے تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔

بیوہ اور یتیم بچے تقرر نامہ کے انتظار میں ہیں ۔انہوں نے صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سن کوٹہ کی بھرتی فوری کی جائے۔ DPC-II 2012کی فوری بحالی کی جائے۔یوٹیلیٹی الائونس واٹر بورڈ کے ملازمین کو دیا جائے۔شعبہ ٹیکس کے انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی 14 اور 16گریڈ کی نا صرف کنفرمیشن کی جائے بلکہ انہیں 1993 سے ابتک کے تمام بقایا جات ادا کئے جائیں۔

دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے لواحقین کے لئے فوری نوکریوں کا بندوبست کیا جائے۔برطرف ایڈہاک ملازمین کو فوراً بحال کیا جائے۔اسپیشل ملازمین کی بحالی و کوٹہ میں اضا فہ کیا جائے۔محنت کشوں کے لئے رہائشی پلاٹ کا بندوبست کیا جائے۔تمام ڈیڈ کیڈر کے لئے ٹائم اسکیل پر پروموشن اور سیکورٹی سپروائزر کی اپ گریڈیشن کی جائے۔آخر میں صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ نے تمام مطالبات کو غور سے سنا اور ان پر جلد از جلد عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں سید محسن رضا کی طرف سے محنت کشوں اور معزز مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا گیا۔