پھلدار چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرارت و گرم ہوا سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

جمعرات 17 مئی 2018 10:50

قصور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) پھلدار پودوں کے باغبانوں کو چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرارت و گرم ہوا سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ پنجاب کے میدانی علاقو ں میں موسم شدید گرم ہوناشروع ہوگیاہے اور بعض مقامات پر اکثر درجہ حرارت 45سے 50ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی چلاجاتاہے اور اس سے پودے بری طرح متاثر ہوتے ہیں لہذاباغبان ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔

باغبانی کے ماہرین نے کہا کہ پھلدار پودے زیادہ سے زیادہ 45ڈگری سینٹی گریڈ تک حرارت برداشت کرسکتے ہیں جبکہ اس سے زائد درجہ حرارت نہ صرف انہیں بری طرح متاثر کرتاہے بلکہ گرم ہوائوں اور لو سے پودے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے‘پھل جھلس جاتاہے اسکے چھلکے پھٹ جاتے ہیں اورکو الٹی ختم ہوکررہ جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زیادہ گرمی کے دوران پھلدار پودوں کے پتو ںکے مسام بندہونے سے ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتاہے اور پودوں کی خوراک بنانے کے عمل میں بھی رکاوٹ پیداہوتی ہے جس کے باعث پھل کا کیڑابڑھ جاتاہے اور پھل قابل استعمال نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ پھلدار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفو ظ کرنے کیلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گو ڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کریں اور گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبارجبکہ بڑے پودوں کو8سے 10دن وقفہ سے پانی لگائیں۔ا نہوں نے کہا کہ گرمیوں میں آبپاشی صبح یاشام کے وقت کی جائے جبکہ مئی و جون کے مہینوں میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلا تھوتھا و چونا کے محلول سے سفیدی کی جائے تاکہ تنے گرمی کے مضراثرات سے محفوظ رہ سکیں۔