امریکہ نے فلسطین میں اپنا سفارت خانہ قائم کرکے فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت پر ڈاکہ ڈالا ہے‘ساجد میر

فلسطینیوں نے جرات وبہادری کی نئی مثالیں قائم کی ہیں ان کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی‘امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث

جمعہ 18 مئی 2018 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ امریکہ نے فلسطین میں اپنا سفارت خانہ قائم کرکے فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت پر ڈاکہ ڈالا ہے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل خطے میں امن تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں اور دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔

امریکہ نے صہیونی ریاست کے تابوت میں ایک اور کیل ٹھونک دیا ہے اور بیت المقدس کی تاریخی، اسلامی اور عرب کی جغرافیائی حیثیت کو نظر انداز کیا ہے ۔امریکہ نے عالم اسلام کے جذبات کو مشتعل کرکے اپنے لیے مزید نفرت اکٹھی کی ہے ۔ یہ دن فلسطین کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔ دنیا کا سب سے بڑا طاغوت ہے جس کی خوشنودی کے لیے اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

بیت المقدس میں امریکی سفارت خانہ کی منتقلی سے فسادات عام ہو ں گے ۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ فلسطینیوں نے جرات وبہادری کی نئی مثالیں قائم کی ہیں ان کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ایک دن آئیگا اسرائیل اور اسکے حواریوں کو شکست ہو گی اور بیت المقدس پنجہ یہود سے آزاد ہو گا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک اپنے مشترکہ دشمن امریکہ کی پہچان کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔