ای ڈی او پرائمری نے سکول اوقات میں اضافہ کر کے بچوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا

ہفتہ 19 مئی 2018 19:51

ْ ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ای ڈی او پرائمری نے سکول اوقات میں اضافہ کر کے بچوں کیلئے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، سکول کا وقت آدھا گھنٹہ پہلے کر کے چھٹی کے اوقات میں کمی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پرائمری کے معصوم بچوں کیلئے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں، والدین نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں ای ڈی او پرائمری نے پرائمری سکولز کے بچوں کی حاضری صبح سات بجے کر کے چھٹی ساڑھے بارہ بجے تک بڑھا دی ہے، ماہ مبارک میں اوقات میں اضافہ پر والدین نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کی انوکھی منطق پر بے چینی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ڈی ای او ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ای ڈی او پرائمری کے اس فیصلہ کو فی الفور ختم کر کے چھوٹے بچوں کو رمضان المبارک میں ریلیف دیا جائے۔