سٹی پولیس آفیسرکا سستا رمضان بازار وں اور خریداری گندم مرکز جی ٹی روڈماڈل ٹائون کا دورہ

،سیکیورٹی انتظامات اطمینان بخش قرار دوکانداروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت اور مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 19 مئی 2018 20:53

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے سستا رمضان بازار شاہین آباد ، فروٹ منڈی کھیالی اور خریداری گندم مرکز جی ٹی روڈماڈل ٹائون کا وزٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات کے مطابق انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے ۔انہوں نے دوکانداروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت اور مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

سی پی او نے جی ٹی روڈ پر واقع خریداری گندم مرکز کے وزٹ کے دوران باردانہ کی ترسیل کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور باردانہ کی منصفانہ تقسیم کے متعلق کسانوں سے بھی دریافت کیا ،بعد ازاں سی پی اونے سبزی منڈی کھیالی کے وزٹ کے دوران پیاز اور آلو کی بولی کے عمل کابھی جا ئزہ لیا ۔ سی پی او آڑھتیوں اور آلو و پیاز سمیت دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں سے بھی ملے۔ انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے سامان فروخت کرنے والے آڑھتیوں سے کہا کہ ضروریات زندگی کی اشیاء کا ریٹ حکومت کے مقر ر کردہ نرخوں کے مطابق ہو۔ غیر معیاری اور مہنگی اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلا ف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔