مقبوضہ کشمیر : تحریک حریت کی سوپور میںپارٹی رہنمائوں کی گرفتاری کی شدید مذمت

اتوار 20 مئی 2018 16:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے سوپور میںپار ٹی رہنمائوںشاہ ولی محمد اور حاجی محمد رستم بٹ کوگرفتار کرکے تھانے میں نظربند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کو بلا جواز قراردیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہاکہ دونوں بزرگوں کی گرفتاری کٹھ پتلی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ جنگ بندی کی وجہ سے کشمیری عوام گزشتہ تین روز سے امن وسکون سے سورہے ہیں لیکن حقیقت حال یہ ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوںکا امن وسکون چھین رکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ ماہ رمضان کے تقدس اور احترام کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بتائیںکہ85سالہ بزرگ شاہ ولی محمد اور75سالہ بزرگ حاجی محمد رستم بٹ کے ہاتھوں میں کون سی بندوق تھی جس کے جرم میں ان علیل بزرگوں کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شاہ ولی محمد کی اہلیہ مہلک بیماری کینسر میں مبتلا ہے اور اس بیماری کی وجہ سے وہ گھر میں گر کر ہڈیوں کے فریکچر کا بھی شکار ہوئی ہے اور حال ہی میں اُن کا آپریشن بھی ہواہے جبکہ ان کی تیمار داری کرنے والا گھر میں کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی محمد رستم بٹ بھی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکمران فرقہ پرست بھارتی حکومت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں جبکہ پولیس کے چند افسران ان فرقہ پرست عناصر کی ایماء پر حریت پسندوں کا گھیرا تنگ کررہے ہیں۔