چین اور امریکہ ایک دوسرے کیخلاف تجارتی محاز آرائی سے گریز پرمتفق

اتوار 20 مئی 2018 19:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) چین اور امریکہ کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے اقتصادی و تجارتی مذاکرات کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے،جس میں فریقین نے ایک دوسرے کیخلاف تجارتی محازآرائی سے گریز کرنے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔گزشتہ روز عالمی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کی روشنی میں چینی اور امریکی وفود کے درمیان تجارتی امور کے حوالے سے تعمیری بات چیت کی گئی،فریقین نے اتفاق کیا کہ امریکہ کے چین کیساتھ مصنوعات کے حوالے سے تجارتی خسارے کو معقول حد تک کم کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گے،چین اپنے شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور اعلیٰ معیاری اقتصادی ترقی کوآگے بڑھانے کیلئے امریکی مصنوعات کی خریداری میں نمایاں اضافہ کرئے گا جس سے امریکہ کی اقتصادی ترقی اور روزگاری میں مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ بامعنی انداز سے امریکہ کی زرعی اور توانائی سے متعلق مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیا جائیگا جبکہ امریکہ مزید مشاورت کیلئے ایک وفد چین بھیجے گا۔فریقین نے تیار شدہ مصنوعات اور خدمات کی تجارت کو توسیع دینے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا اور متعلقہ شعبہ جات میں تجارت میں اضافے کیلئے سازگار ماحول کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک املاک حقوق دانش کے تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور اس حوالے سے تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق چین پیٹنٹ لاء سمیت دیگر متعلقہ قوانین و ضوابط میں ترمیم کو فروغ دے گا۔ فریقین نے دو طرفہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا جبکہ شفاف مسابقت کیلئے سازگار کاروباری ماحول کے قیام کا عزم ظاہر کیا گیا۔

دونوں ممالک نے اس حوالے سے اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے اور ایک دوسرے کے اقتصادی و تجارتی خدشات کے فعال حل پر بھی اتفاق کیا۔مذکورہ مذاکرات میں چینی وفد کی قیادت صدر شی جن پھنگ کے خصوصی ایلیچی اور نائب وزیر اعظم لیو حہ نے کی جبکہ امریکی حکام میں وزیر خزانہ اسٹیون منچن ، وزیر تجارت ولبر راس اور تجارتے نمائندے رابرٹ لائٹ ہائزر شامل تھے۔