ضلع وسطی کو صاف شفاف بنانا ہماری اوّلین ترجیح ہے، ریحان ہاشمی

حکومتِ سندھ کی جانب سے شہری حکومت کو بے اختیار کر نے کے باوجود عوام کو صاف ستھرا ماحول مہیاء کررہے ہیں ، چیئرمین بلدیہ وسطی

اتوار 20 مئی 2018 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کی ایک ایک گلی کوچہ کو آئینے کی طرح صاف و شفاف بنانے کا عزم رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی عوام کی خدمت میں حائل نہیں ہوگی وہ ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد زون یونین کمیٹی نمبر 23 میں ہیوی مشینری کے زریعے کچرا اٹھانے اور صفائی کے کام کے معائنے کے موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پریونین کمیٹی نمبر 23 کے چیئرمین شہزور ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن و دیگر متعلقہ افسران بھی موجو د تھے انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدوں کا واحد محور حق پرست بلدیاتی نمائندے ہی جو عوام کے درمیان رہتے ہوئے عوامی مسائل کو بخوبی جانتے ہیں اور انھیں حل کرنے کے لئے شب و روز کوشاں رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہی نہیں ہمارا گھر ہے اسے صاف اور شفاف بنانا ہماری ااوّلین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

شہری حکومت اور کراچی کے عوام کے اصل نمائندے تو کراچی کو بہترین طور پر صاف و شفاف بنانا چاہتے ہیں لیکن کراچی کے عوام کے مسائل سے بے خبر حکومتِ سندھ کراچی کی شہری حکومت کو بے اختیارات کر کے بہتر کارکردگی کی توقع کررہی ہے جو اہلیان کراچی کے ساتھ سرسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی بے توجہی اور فنڈز کی کمی کے باوجود حق پرست بلدیاتی قیادت نامساعد حالات میں بہترین منصوبہ بندی کے تحت بلدیاتی معاملات چلارہے ہیں اور ضلع وسطی کو صاف و شفاف ضلع بنانے میں شب و روز کوشان ہیں ۔