ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام ٹریول ٹورازم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

تربیتی ورکشاپ میں 100سے زائد ٹریول ایجنٹ کی شرکت ،ورکشاپ کے اختتام پرشرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے

پیر 21 مئی 2018 18:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) صوبہ میں آنے والے سیاحوں کومفید معلومات اور بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹورازم کارپوریشن اور پیتھام کے زیراہتمام دس روزہ ورکشاپ کا انعقاد دو مرحلوں میں کیا گیا، اس موقع پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخواکا تعاون بھی حاصل رہا ، تربیتی ورکشاپ کا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا کی جانب رخ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں اور اندرون ملک سیاحوں کو معلومات کی فراہمی سمیت ایک پروفیشنل انداز سے سمجھانا اور بہترین سفری سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا،ٹریول ایجنٹ ایک سیاح کی نظر میں پہلے قدم پر پروفیشنل ، معلومات کی فراہمی اور اپنے پیکیجز کی فروخت کرنے والا سمجھا جاتا ہے ،اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ انچارج پیتھام حرمت یاب ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز محمد عربی ، چیئرمین ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن شمشیر علی اور دیگر شخصیات موجود تھیں،ورکشاپ کے دوران آپس میں مباحثے ، معلومات کی فراہمی اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی، پشاور میں منعقدہ ورکشاپ میں 34 ٹریول ایجنٹس سے شرکت کی جبکہ ہزارہ ڈویژن کی ورکشاپ میں 88 ٹریول ایجنٹس شامل ہوئے ،اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز ٹورازم کارپوریشن سجاد حمید نے کہاکہ اس ورکشاپ کے بعد 70مزید ایسی ٹریننگ ورکشاپس کا ہزارہ ڈویژن میں انعقاد کیا جائے گا ، صوبے میں عام سیاحوں کیلئے فراہم کردہ سیاحت کی سہولیات کو فروغ دینے کیلئے یہ ایک مناسب اور قابل سفر ایجنٹس کی تیاری کیلئے ایک مخصوص ورکشاپ ہے ، انچارج پیتھام حرمت یاب خان کا کہنا تھا کہ ٹریول ایجنٹس اور ایئرلائنز کا مطالبہ تھا کہ ٹریول ایجنٹس کیلئے ڈومیسٹک ٹورازم پروموشن ، ایئرلائن ٹکٹنگ اور ریزرویشن سمیت صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے ورکشاپ کا انعقاد ضروری تھا ، اس کورس کے انعقاد کا مقصدصوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے ٹریول ایجنٹس کو اس بات پر لانا تھا کہ سیاحوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بہترین پیکیج ،عمدہ سفری سہولیات اور صوبہ کے سیاحتی مقامات تک رسائی سمیت دیگر سہولیات ممکن بنانا ہے ، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمشیر علی نے کہاکہ عنقریب چائنہ لینکویج کورس کا اہتمام بھی کیا جائے گا کیونکہ سی پیک سے اب خصوصاً چین سے سیاح کثیر تعداد میں صوبہ خیبرپختونخوا کا رخ کرینگے ان سے بات چیت اور لین دین ان کی زبان میں اہم کردار ادا کریگی ۔