گردوں کے مریضوں کے علاج کو ترجیح دینا ہوگی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

اے کیو خان ہسپتا ل کیلئے کاٹی کی جانب سے تقریب کا اہتمام، ایس ایم منیر ، طارق ملک، حسیب خان کی تعاون کی اپیل

منگل 22 مئی 2018 16:06

گردوں کے مریضوں کے علاج کو ترجیح دینا ہوگی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) محسن پاکستان معروف ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں گردوں کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، علاج معالجے کی فراہمی کو ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کی جانب سے ڈاکٹر اے کیو خان اسپتال کی خدمات اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، سینیٹر عبدالحسیب خان، زبیر چھایا، ندیم خان اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے قومی خدمت کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح کے شعبے میں بھی قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں، لاہور میں ان کے زیر سرپرستی قائم ہونے والے اسپتال بھی اسی خدمت کی شاندار مثال ہے۔

(جاری ہے)

کاٹی کے صدر طارق ملک نے اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور اس منصوبے سے متعلق تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سینیٹر عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے محسن ہیں، سماجی خدمت کے ان کے کسی بھی منصوبے کے لیے قوم کوخود آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ بعدازاں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ڈاکٹر اے کیو خان اسپتال سے متعلق تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا اور اس منصوبے کی تکمیل کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی۔