سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ،وزارت توانائی ،متعلقہ اداروں کے کام و کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

کل 8633فیڈرز میںسے 5297فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، 580فیڈرز پر 8گھنٹے ، 513فیڈرز پر 6گھنٹے ، 298فیڈر ز پر 4گھنٹے ، 441فیڈرز پر 2گھنٹے ، 1203فیڈرز پر 12گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن، قائم مقام ایم ڈی پیپکو کی کمیٹی کو بریفنگ

منگل 22 مئی 2018 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو ا۔ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت توانائی اور متعلقہ اداروں کے کام اور کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن اور قائم مقام ایم ڈی پیپکو نے کمیٹی کو بتایا کہ پیپکو تمام پاور سیکٹر کی کمپنیز کی نگرانی کرتا ہے اور تمام ادارے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے احکامات کی پیروی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کُل بجلی کی پیداوار کا 50.78فیصد گھریلو ،صنعتی 24.6فیصد ، 7.5فیصد کمرشل ، 11.11فیصد ٹیوب ویل جبکہ 6فیصد دیگر استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ملک میں یکساںلوڈشیڈنگ کی جائے ۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے تمام فیڈرز کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کُل 8633فیڈرز ہیں جن میںسے 5297فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، 580فیڈرز کا 8گھنٹے ، 513فیڈرز پر 6گھنٹے ، 298فیڈر ز پر 4گھنٹے ، 441فیڈرز پر 2گھنٹے ، 1203فیڈرز پر 12گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

رمضان میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے قائم مقام ایم ڈی پیپکو نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت کے واضح احکامات ہیں کہ سحری سے فجر اور افطاری سے تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیڈرز پر ان مخصوص اوقات میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہو تو وہ ٹیکنیکل مسائل کی وجہ سے ہورہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں صنعتی اداروں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

افطار سے سحری تک صنعتی اداروں کو 450میگا واٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جولائی 2017میں 18897میگاواٹ بجلی کی پیداوار تھی جبکہ طلب 24123میگاواٹ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں 18885میگاواٹ بجلی موجود ہے جبکہ 2400میگاواٹ بجلی اضافی ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ سحری اور افطاری کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ۔

چیئرمین کمیٹی نے سی ای او گینکو اور سی ای او لاکھڑا پاور ہاؤس کو لاکھڑا پاور ہاؤس پر بریفنگ دینے کے لیے اگلے اجلاس میں طلب کرلیا ۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر زسراج الحق ، مولابخش چانڈیو ، محمد اکرم اور احمد خان کے علاوہ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن ، ایڈیشنل ڈائریکٹر این پی سی سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :