کراچی بورڈ کی طرف سے اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طالبعلموں کے اعزاز میں تقریب 28 مئی کومنعقد ہوگی

منگل 22 مئی 2018 20:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی طرف سے اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے اعزاز میں 2روزہ تقریب 28اور29مئی کو منعقد ہوں گی۔ترجمان کراچی بورڈ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے سالانہ امتحانات برائے 2017ء کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامی رقم کی تقسیم کے بعد اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو انعامی رقم دینے کیلئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی 28 اور 29 مئی کو تقریب کا انعقاد کررہاہے، سرسید گورتمنٹ گرلز کالج ناظم آباد کے آڈیٹوریم میں ہونے والی تقاریب میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے 2524 طلباء طالبات کوفی طالب علم 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

28 مئی کو اے ون گریڈ حاصل کرنے والے سائنس پری میڈیکل کے 1243، آرٹس ریگولر کے 10 اور آرٹس پرائیویٹ کے ایک طالب علم کو جبکہ 29 مئی کو سائنس پری انجینئرنگ کے 1095، سائنس جنرل کے 29 اور کامرس ریگولر کے 146 طلباء طالبات کو انعامی رقم کے چیک دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دونوں تقاریب میں دس بجے سے ایک بجے تک طالبات کو جبکہ دو بجے سے شام پانچ بجے تک طلباء کو انعامی رقم دی جائے گی۔ جو طالب علم تقریب میں شرکت نہ کرسکیں وہ انعامی رقم کے چیک 31 مئی سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے اکائونٹس سیکشن کمرہ نمبر ایک سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباء کیلئے اوریجنل ایڈمٹ کارڈز لانا ضروری ہوگا۔

متعلقہ عنوان :