علمی سرگرمیوں کا فروغ پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے، آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف

منگل مئی 22:03

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف خان نے کہا ہے کہ علمی سرگرمیوں کا فروغ پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے، اس خطہ میں قیام امن کے ساتھ ساتھ علم کا فروغ پاک فوج کی ترجیحات میں شامل ہے۔وہ گومل یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران کے اعزاز میں دئے گئے افطار ڈنر میں گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور، رجسٹرار دل نواز خان،زرعی یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز احمد خان، پرووائس چانسلر ڈاکٹر بختیار خٹک،دین فیکلٹی آف اینیمل اینڈ وٹرنری سائنسز ڈاکٹر شکیب اللہ خان، ڈین آف سائنسز ڈاکٹر نور عباس دین خٹک،ڈین فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر ملک ستار بخش اعوان کے علاوہ تدریسی شعبہ جات،انتظامی شعبہ جات کے سربراہان گومل میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اختر منیر، ڈیرہ میں قائم کالجز کے پرنسپل صاحبان ، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف منشا اور پاک فوج کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کرنے والی قومیں ناقابل شکست ہوتی ہیں، جدید علم کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت انتہائی ضروری ہے جس پر توجہ دے کر ہم مثالی مقاصد حاصل کرسکتے ہیں ۔گومل یونیورسٹی سمیت علاقہ کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ ہمارا مکمل تعاون ہوگا۔اس موقع پر گومل یونیورسٹی کے وانا کیمپس کے قیام پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،مذکورہ کیمپس کے قیام سے قبائلی طلبہ کو اعلی تعلیم دہلیز پر میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد گومل یونیورسٹی کے طلبہ کو ملک کے مختلف علاقوں میں مطالعاتی دوروں پر بھجوایا جائے گا اور یونیورسٹی،پاک فوج اور دیگر اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور اسٹیشن کمانڈر طلبہ کو تعلیمی وضائف کی فراہمی کا ورک پلان تیار کریں گے جس سے طلبہ مستفید ہونگے ۔

اس موقع پر گومل یونیورسٹی کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا ہے کہ عزت افزائی پر ہم میجر جنرل عابد لطیف خان ، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف منشا اور انکی ٹیم کے مشکور ہیں ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے اور محبت احترام کے یہ رشتے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط و مستحکم ہونگے۔