کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کیا جانے والا 32 ٹن بولارڈ پل ٹگ کی حوالگی کی تقریب

بدھ 23 مئی 2018 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیا جانے والا32ٹن بی پی ٹگ کی پاک بحریہ کے حوالے کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک بحریہ ، کراچی شپ یارڈ ، کارپوریٹ سیکٹر اور حکومتی اعلیٰ عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

اس 32ٹن بی پی ٹگ کی لمبائی 32میٹر جبکہ وزن 481ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار 12ناٹیگل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن اور دو آزیمتھ تھرًسٹر نصب ہیں۔ یہ تمام اطراف سے پاک بحریہ کے تمام سائز کے جہازوں کے ساتھ ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز کے ساتھ لیس ٹگ ہے۔اس موقع پر خطاب میں مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ یہ ٹگ، جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا ایک مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی چند صنعتوں میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ دہائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی میری ٹائم سیکٹر کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے مقامی صنعتوں کے فروغ کے لیے مزید مواقع پیدا ہو ئے ہیں۔

اُنھو ں نے کہا کہ پبلک سیکٹر کی صنعتوں مثلاً شپ یارڈ کو اس مو قع سے بھر پور فا ئدہ اُٹھاناچا ہیے اور روز گار کے مزید مواقع پیدا کر کے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں پاک بحریہ اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے غیر ملکی معاونت نہیں لی گئی اور تعمیر کے تمام مراحل خود انحصاری کے ساتھ طے ہوئے۔

انہوں نے سامعین کو شپ یارڈ میں جاری جہاز سازی اور مرمت کے دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی الوقت کراچی شپ یارڈ جہاز سازی کے 6منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی کمپنی سی ایس آئی کے ذریعے فلپائن اور تھائی لینڈ کو 8شوگر مل رولرز کی فراہمی کا پہلا برآمدی آرڈر بھی اس سال مکمل کر دیا گیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کا ہر کارکن ان منصوبہ جات کی بر وقت اور بطریقِ احسن تکمیل کے لیے ہمہ وقت پُر عزم اور تیار ہے۔