بھارت، سٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی

جمعہ 25 مئی 2018 11:10

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں لوگوں کی بڑی تعداد سٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے جنوبی صوبے تامل ناڈو کے علاقے توتیکورن میں عارضی طور پر بند کی گئی سٹر لائٹ تانبے کی فیکٹری کے دوبارہ کھلنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے کی وجہ سے تانبا پگھلانے کی فیکٹری کو بند کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل تین بھارتی ریاستوںکی حکومتیں یہ فیکٹری اپنے ہاں قائم کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر چکی ہیں۔ریاست تامل ناڈو کے علاقے توتیکورن میں لوگوں کی بڑی تعداد سٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں 7 افراد ہلاک اور 77 سے زیادہ زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا جاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 6 افراد دم توڑ گئے۔

ریاست میں کثیرتعداد میں سکیورٹی دستے تعینات کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے اور آئندہ 5 دنوں تک انٹرنیٹ سروسکو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔