مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، جان محمد بلوچ

جمعہ 25 مئی 2018 18:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایمانداری سے کام کریں تو عوام کو اپنے حق کیلئے دربدر کے دکھے نا کھانے پڑیں،پاکستان پیپلز پارٹی عوام کومسائل سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی بھٹائی آباد میں بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پریوسی چیئرمین اے ڈی سومرو، یوسی وائس چیئرمین امانت ضیاء، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر،ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان، ڈائریکٹر پارک نسیم اختر اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیرعبدالخالق مروت نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مساجد وامام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، سیوریج لائنوں کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے تاکہ اوور فلو کا مسئلہ ہی پیدا نہ ہو،سیوریج کی بند لائنوں کی راڈنگ اینڈ سکنک مشینوں کی مدد سے صفائی کو یقینی بنایا جائے، سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے عوام اور نمازکی ادائیگی کیلئے جانے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تمام یوسیز کی کچرا کنڈیوں سے بروقت کچرا اٹھایا جائے اور چونے کے چھڑکائوکو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مندانہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود علاقہ معززین نے چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت سے بلدیاتی امور کی بروقت انجام دہی پر تشکر کا اظہار کیا ۔