پاکستان تکنیکی ہنرکا حب ہے، اے سی سی اے ایک لاکھ ایس اے پی پروفیشنلز تیار کرے گی

جمعہ 25 مئی 2018 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی ای) اور پاکستان میں ایس اے پی کی واحد پلاٹینیم پارٹنر ایکسیلنس ڈیلیورڈ نے پاکستان میں آئندہ سالوں میں ایک لاکھ ایس اے پی پروفیشنلز تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سرمایہ کاری بورڈ اور ایس اے پی کی علاقائی مینجمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اے سی سی اے اور ایکسیلنس ڈیلیورڈ نے اشتراک کار سے ایس اے پی پروفیشنلز کو تربیت دینے کا یہ پروگرام شروع کیا ہے اور اس کا ہدف یہ ہے کہ پاکستان خدمات کی برآمد کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے۔ دونوں ادارے اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان سے برآمدی، پیشہ ورانہ و تکنیکی مہارتوں کی خدمات اور اس کے اقتصادی اثرات کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نعیم زمیندار نے اس موقع پر کہا کہ جس انداز میں دونوں اداروں اور بی پی او نے مل کر اشتراک کار کا آغاز کیا ہے، اس کے بہترین نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزاء ہے کہ پاکستان میں اے سی سی اے جیسے ادارے موجود ہیں جو اشتراک کار، خدمات مستعار لینے اور ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے جدید طریقہ کار استعمال کر رہے ہیں۔

اے سی سی اے عوامی مفاد میں کام کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق افرادی قوت اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ اس مقصد کے لئے اے سی سی اے اور ایکسیلنس ڈیلیورڈ نے پاکستان میں نوجوان ٹیلنٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے ایس اے پی ٹیکنالوجیز کیلئے 2200 سے زائد پروفیشنلز تیار کئے ہیں اور اس کامیابی نے ایس اے پی کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ ایکسیلنس ڈیلیورڈ کے ساتھ اشتراک کر کے اسے آئندہ مرحلے (فیز II) تک لے جائے تاکہ پاکستان میں آئندہ تین سالوں میں ایک لاکھ ایس اے پی پروفیشنلز تیار کئے جا سکیں۔

ایکسیلنس ڈیلیورڈ کے سی ای او سجاد سید نے کہا کہ یہ اقدام فری لانس کاروباروں، آف شور آئوٹ سورسنگ اور ایس اے پی ٹیلنٹ کی دیگر ممالک کو برآمد میں اضافہ کرے گا جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کیلئے ملازمت کے بے تحاشا مواقع پیدا ہوں گے۔ ایس اے پی MENA کے ہیڈ آف ایجوکیشن گیووانی پیزوتو نے کہا کہ ایس اے پی ابھرتے ہوئے پاکستان کا ایک لازمی جزو بننے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا میں اعلیٰ خدمات کی فراہمی کے ذریعے ایس اے پی پاکستان میں لاکھوں لوگوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے اور اس نے پیداوار، انتظام و انصرام اور معیار کے یکسر تبدیل کر دیا ہے اور اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے اور گھریلو سے لے کر صنعتی زندگی تک اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ایس اے پی قومی سطح پر زندگی کے معیار کو بدل رہا ہے اور اس طرح ایک ابھرتے ہوئے پاکستان کے لئے راستہ بنا رہا ہے۔

اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ سجید اسلم نے اس موقع پر اے سی سی اے کے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کاروبار کی دنیا کی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیلنٹ کی فراہمی اور اس کی تربیت، ٹیکنالوجی کے پھیلائو کے ذریعے عوام کو فائدہ پہنچائے گی اور ہم جو بھی کریں گے وہ اخلاقیات کے اعلیٰ معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے اور ایک ابھرتے ہوئے پاکستان کے وژن کیلئے یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ ۔