ٹھٹھہ: سندھ یونیورسٹی کیمپس میں ڈزاسٹر رسک ریڈکشن ریسورسز سینٹر کا افتتاح

ہفتہ 26 مئی 2018 22:01

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) سندھ یونیورسٹی کیمپس میں ڈزاسٹر رسک ریڈکشن ریسورسز سینٹر کا افتتاح۔ جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس میں ڈزاسٹر رسک ریڈکشن ریسورسز سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامع سندھ جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ زیریں سندھ میں قلت آب کے باعث انسانوں، حیوانات اور آبی حیات کی زندگیوں کے علاوہ زراعت کو بھی شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی کی قلت کے باعث قحط کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ساحلی پٹی میں تباہ کاریوں کے باعث ماحولیات خطرے میں ہے، انہوں نے کہا کہ ایک قدرتی آفات ہوتے ہیں اور دوسرے مصنوعی طور سے پیدا کیے گئے آفات ہوتے ہیں فطرت سے چھیڑ چھاڑ کا نتیجہ تباہی ہے، ساحلی پٹی میں لگائے گئے تمر کے پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ختم ہوگئے ہیں ہمیں تمر کے مزید پودے لگا کر ماحولیات کو تباہی سے بچانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو 91 کے پانی معاہدے کے تحت کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی، پانی کی قلت کے باعث ماہی گیری کی صنعت بھی شدید متاثر ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے جامع سندھ ٹھٹھہ کیمپس کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سرفراز سولنگی، خدابخش بہرانی، مبشر سومرو اور اقبال جاکھرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔#