ٹنڈوالہیار، شہری علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، لوگ پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے احتجاج پر مجبور

ہفتہ 26 مئی 2018 23:44

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) ٹنڈوالہ یار شہری علاقوں میں پینے کا صاف پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا لوگ پینے کے صاف پانی کے حصول کے لئے گیلن مافیا کے محتاج ہوگئے گذشتہ 6ماہ سے ٹنڈوالہ یار شہر کے زماں شاہ محلہ ، پاکستان چوک ، خانزادہ محلہ ، شیدی پاڑہ ، بریلوی چوک ، السعادات کالونی ، شہبار کالونی ، جناح چوک ، ودیگر علاقوں میں ضلعی و تعلقہ انتظامیہ و منتخب نمائندوں کی چشم پوشی و لاپرواہی کے باعث مذکورہ علاقوں کے ہزاروں افراد رمضان المبارک کے اس بابرکت مھینے اور اس شدید گرمی میں پینے کے صاف پانی سے محروم ہوگئے ہیں اور وہ پانی کے حصول کے لئے وہ گیلن مافیا کے محتاج ہوگئے ہیں گیلن مافیا نے مذکورہ علاقوںمیں پینے کے صاف پانی کی بندش اور ضلعی و تعلقہ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی چشم پوشی و لاپرواہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیلن مافیا نے اپنا رخ مذکورہ علاقوں کی جانب کردیا ہے جہاں وہ پینے کا صاف پانی سے محروم لوگوں کو اپنے من مانے اضافی ریٹ میں پانی کے گیلن فروخت کررہے ہیں جبکہ گیلن مافیا کی جانب سے فروخت کئے جانے والا پانی بھی کسی حد تک مضر صحت ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

مذکورہ علاقوں کی عوام نے بتایا کہ گذشتہ 6ماہ قبل ٹنڈوالہ یار میں تعمیر ہونے والے ڈبل روڈ کی تعمیر کے دوران مذکورہ علاقوں کو معیا کرنے والی واٹر سپلائی کی مین لائن ٹوٹ گئی تھی جو تاحال تک بحال ناہوسکی عوام کا کہنا ہے کہ تعمیر ہونے والا ڈبل روڈ 80فیصد تک تعمیر ہوچکا ہے مگر ایک چھوٹی سی واٹر سپلائی کی ٹوٹی ہوئی لائن کو ضلعی و تعلقہ انتظامیہ اور عوام نمائندے بحال نہیں کراسکے جس کے باعث مذکورہ علاقوں کی عوام پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے انہوں نے واٹر کمیشن کے سربراہ امیر مسلم ہانی ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار ، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد حسین شاہ اور متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی معیا کرنے والی مین واٹر سپلائی کی لائن کو جلد سے جلد بحال کیا جائے تاکہ مذکورہ علاقوں کے لاکھوں افراد رمضان المبارک کے بابرکت مھینے اور اس شدید گرمی میںپینے کا صاف پانی استعمال کرسکے ۔