وزیراعظم نے چنار گارڈن گلگت میں یادگار شہدا ء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، گلگت بلتستان کی جنگ آزادی کے شہدا ء کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی شاہد خاقان عباسی نے گلگت نلتر ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا افتتاح بھی کیا

اتوار 27 مئی 2018 13:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کیلئے اتوار کو ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے۔ وزیر اعظم کی آمد پر گلگت ائر پورٹ پر گورنر میر غضنفر علی خان اور وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سمیت دوسرے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق وزیراعظم نے چنار گارڈن گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور گلگت بلتستان کی جنگ آزادی کے شہدا ء کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

انہوں نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا افتتاح کیا۔ اسمبلی کی یہ جدید طرز کی عمارت 91 کروڑ روپے کی لاگت سے بارہ سال میں مکمل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت نلتر ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ یہ منصوبہ2 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل سے دونوں علاقوں کے درمیان مسافت دو گھنٹے سے کم ہوکر آدھا گھنٹہ رہ جائے گی جس سے گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان سیکرٹریٹ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعظم گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔