قطر، سعودی عرب سمیت 4 عرب ممالک مصنوعات پر پابندی عائد، فروخت پر تادیبی کارروائی کی جائے گی

پیر 28 مئی 2018 20:47

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) قطر نے سعودی عرب سمیت 4 عرب ممالک بحرین، امارات اور مصر کی مصنوعات کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ، ان ممالک میں تیار کردہ تمام اشیا کو قطر برآمد نہیں کیا جا سکے گا،خلیجی ممالک کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر نے سعودی عرب سمیت 4 عرب ممالک بحرین، امارات اور مصر کی بنی ہوئی اشیا کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق قطر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سے درآمد کی ہوئی اشیا کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس کے بعد ان ممالک میں تیار کردہ تمام اشیا کو قطر برآمد نہیں کیا جا سکے گا۔ تاہم جو اشیا ایئرپورٹ، بحری اڈوں اور دکانوں میں پہلے سے موجود ہیں ان کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی ہے۔

(جاری ہے)

قطر کی وزارت تجارت کی جانب سے تمام دکانداروں کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کی تیار کردہ اشیا کو فروخت کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی اس لیے تمام تاجر ان ممالک کی اشیا کی خرید و فروخت سے اجتناب کریں۔

اس حوالے سے وزارت تجارت کے اہلکار ایک ایک دکان کی جانچ پڑتال بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر عرب نے دہشت گردی کا الزام لگاکر قطر سے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ ان ممالک نے قطر کے تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کو مزید سخت کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی قطر کے خلاف پابندیوں کی درخواست کی تھی لیکن دوسرے ممالک نے سعودی عرب کی اس درخواست کو رد کردیا تھا جبکہ ترکی نے سعودی عرب کی قطر کے خلاف پابندیوں کو ظالمانہ قراردیکر اس کی مذمت کی تھی۔