سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ون ویلرز کے خلاف شکنجہ کس لیا

ون ویلنگ خونی کھیل یا پھر سیدھی جیل کے اصول پر عمل پیرا،دو ایف آئی آرز کا اندراج

پیر 28 مئی 2018 19:10

راولپنڈی۔28مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ون ویلرز کے خلاف شکنجہ کس لیا ، ون ویلنگ خونی کھیل یا پھر سیدھی جیل کے اصول پر عمل پیرا ۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس کا خصوصی سکواڈ مری روڈ پر سحری کے بعد ون ویلنگ کے خلاف جاری آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے ۔

اس ضمن میں ون ویلرز کے خلاف ون ویلنگ کرنے کے جرم میں سیکشن 99/Aکے تحت تھانہ نیوٹائون میں 02 ایف آئی درج کرواتے ہوئے دو ون ویلرزکو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ون ویلنگ کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے قومی خبر ایجنسی کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران بلخصوص سحری کے بعد مری روڈ ، فلائی اوورز، پشاور روڈ ، مال روڈ ، ایئر پورٹ روڈ اور دیگر شاہراہوں پر ون ویلنگ کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کا مشترکہ خصوصی سکواڈ مختلف مقامات پر تعینات ہے جو ون ویلنگ کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لا رہا ہے انہوں نے بتایاکہ ون ویلنگ قانوناًً جرم ہے اور قیمتی زندگی کے ساتھ خطرناک کھیل بھی اس لئے ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہے اس حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائیاں جاری ہیں انہوںنے کہا کہ والدین بھی اپنا فرض ادا کریں اور حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسے خطرناک فعل سے خود بھی منع کریں اور سمجھائیں تا کہ ان کی قیمتی جانوں کو لاپرواہی کی وجہ سے روڈ حادثات کا شکار ہونے سے بچا یا جا سکے جو عمر بھر کی معذوری اور موت کا سبب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بصورت دیگر قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گاجو والدین کے لیئے بھی باعثِ پریشانی وتکلیف دہ ہو گا۔