بھارت سمیت دنیا بھر سے جوڑ میلے میں شرکت کے لیے آنے والے یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں،

سکیورٹی انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی پی او اٹک عبادت نثا ر

پیر 28 مئی 2018 23:31

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) بھارت سمیت دنیا بھر سے جوڑ میلے میں شرکت کے لیے آنے والے یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔سیکورٹی کے فول پروف انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اٹک عبادت نثا ر نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں جوڑ میلے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اے ایس پی آصف بہادر خان، اسسٹنٹ کمشنر جنت حسین نیکو کارہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد بھٹیانوالہ، چیف آفیسر ساجد خان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء کو جوڑ میلے میں شرکت کے لیے بھارت اور دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی آمد اور ان کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

جوڑ میلہ 8جون سے 11جون تک جاری رہے گا۔میلے کی مرکزی تقریبات لاہور میں منعقد ہوں گی جبکہ میلے میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا بھی دورہ کریں گے جہاں ان کے قیام اور طعام سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی پی او اٹک عبادت نثار نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے فرائض احسن انداز میں ادا کریں تا کہ آنے والے یاتری خوشگوار یادیں اور پاکستان کے بارے میں مثبت آراء لے کر واپس جائیں۔

انہوں نے سیکورٹی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس سے قبل ڈی پی او اٹک عبادت نثار نے اچانک رمضان سستا بازار کا دورہ بھی کیا اور وہاں نہ صرف سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا بلکہ سبزیوں اور پھلوں کے معیار اور ان کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے رمضان سستا بازار کے قریب ٹریفک کی بحالی کے لیے ٹریفک پولیس کے انتظاما ت کو بھی سراہا اور انہیں مذید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔