لینڈ ریکارڈ سنٹر اور رجسٹری برانچز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم فعال کردیا گیا

منگل 29 مئی 2018 23:46

ملتان۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے تمام لینڈ ریکارڈ سنٹر اور رجسٹری برانچز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم فعال کردیا گیا ہے ۔آن لائن وڈیو سسٹم کے ذریعے ڈپٹی کمشنر آفس کے تمام سنٹرز اور برانچز میں سائلین کی تعداد اور مسائل کے ساتھ اہلکاروں کی کارکردگی بھی مانیٹر کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتطامیہ کا بنیادی فرض ہے اس خدمت کی تکمیل کے لئے لینڈ ریکارڈ سنٹر پر نئے شیڈ اور انتطار گاہیں تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ ون ونڈو کائونٹر اور ایکسپریس سنٹر بھی فعال کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زاہد سہیل نے کہا کہ رجسٹری برانچز میں کرپشن اور سرخ فیتے کی شکایات کے ازالے کے لئے میرٹ پر اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

سب رجسٹرار صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ اپنی متعلقہ برانچز میں کرسیاں ،ٹھنڈے پانی کے کولر لگائے جائیں اور سروس سسٹم کو مزید بہتر کیا جائے ۔زاہد سہیل نے کہا کہ آن لائن کمپیوٹر ائز سسٹم کے تحت فرد اور انتقال کی سہولت فراہم کرنے کے لئے لینڈ ریکارڈسنٹر قائم کئے گئے ہیں انکی آفادیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔

متعلقہ عنوان :