آئی سی سی ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چیریٹی میچ (آج)کھیلا جائیگا، ورلڈ الیون کی قیادت شاہد خان آفریدی کرینگے، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی

بدھ 30 مئی 2018 09:30

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چیریٹی میچ (آج) جمعرات کو لندن کے لارڈز گرائونڈ پر کھیلا جائیگا جس سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ برس کیریبین میں سمندری طوفانوں کے باعث متاثر ہونے والے سٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے خرچ کی جائے گی۔ شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

میچ میں ورلڈ الیون کی قیادت پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کرینگے۔ ورلڈ الیون کی قیادت کے فرائض انگلینڈ کے آئن مورگن کو سونپے گئے تھے تاہم وہ انگلی کی انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہوگئے جس کی وجہ سے یہ فرائض شاہد خان آفریدی کو نبھانا ہونگے اس پر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کرنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے، میچ اچھے مقصد کے لئے کھیلا جا ئیگا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے آل رائونڈر شعیب اختر بھی ورلڈ الیون میں شامل ہیں۔ نیپال کے ابھرتے ہوئے لیگ سپنر سندیپ لیمی چن کو رواں ماہ کے آخر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول چیریٹی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے آئی سی سی ورلڈ الیون سکواڈ میں شامل ہیں۔ ورلڈ الیون اور کالی آندھی کے درمیان چیریٹی میچ (آج) لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ برس کیریبین میں سمندری طوفانوں کے باعث متاثر ہونے والے سٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے خرچ کی جائے گی۔

لیمی چن نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں لیکر ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا درجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ لیمی چن نے اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ الیون سکواڈ کیلئے منتخب ہونا نہ صرف میرے لئے بلکہ پورے ملک کیلئے باعث اعزاز لمحہ ہے، لارڈز گرائونڈ کرکٹ کی پوری تاریخ رکھتا ہے اور اس پر کھیلنا ہر کھلاڑی کا دیرینہ خواب ہوتا ہے اسلئے میں بھی بہت پرجوش ہو رہا ہوں۔