Live Updates

نوازشریف کی احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست

کیپٹن صفدر آج مزید48سوالوں کے جواب ریکارڈ کروائیں گے‘نیب پراسیکیوٹر کا ملزمان کی غیرحاضری پر اعتراض

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 30 مئی 2018 11:22

نوازشریف کی احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مئی۔2018ء) احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر آج دوسرے روز بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

سماعت میں کیپٹن صفدر احتساب عدالت پہنچے جبکہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ نواز شریف کے وکیل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے‘ نواز شریف اور مریم نواز ذاتی مصروفیات کی بنا پر پیش نہیں ہوں گے۔دوسری جانب کیپٹن ریٹائرڈ صفدر آج مسلسل دوسرے روز اپنا بیان جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انہوں نے 128 میں سے 80 سوالات کے جواب دیے تھے، وہ آج مزید 48 سوالوں کے جوابات قلمبند کراوئیں گے۔

اپنے بیان میں کیپٹن صفدر نے کہاتھا کہ واجد ضیا کی جانب سے پیش 12 جون کا خط مجھ سے متعلق نہیں۔ فرد جرم قوانین کے مطابق تصدیق شدہ نہیں۔ موزیک فونسیکا کا خط بھی مجھ سے متعلق نہیں، خط کو شہادت کے طور پر قبول کرنا شفاف ٹرائل کے خلاف ہوگا۔کیپٹن صفدر سے دریافت کیا گیا کہ واجد ضیاکے کیپٹل ایف زیڈ ای سے متعلق سرٹیفکیٹ پر کیا کہیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ سرٹیفکیٹ مجھ سے متعلق نہیں، جافزا کے فارم 9 کی کاپی بھی مجھ سے متعلق نہیں، جبکہ واجد ضیا کے پیش اسکرین شاٹس بھی مجھ سے متعلق نہیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کیپٹن صفدر کا بہت سی چیزوں سے تعلق ہی نہیں، بہت سی چیزیں ان کی شادی سے قبل کی ہیں۔کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ گلف اسٹیل کے 25 فیصد شیئرز کی فروخت میں فریق نہیں رہا، شامل نہ ہونے کی وجہ سے ان معاملات کا ذاتی طور پر علم نہیں‘ طارق شفیع کا 12 ملین درہم دینے کا سوال بھی مجھ سے متعلق نہیں۔سماعت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی‘ درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ اس درخواست پر بعد میں بحث کریں گے۔نیب پراسیکیوٹر سردار مطفر نے نواز شریف اور مریم نواز کی عدم حاضری پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ملزمان کہاں ہیں؟ وکیل صفائی نے ملزمان کے استثنیٰ کی درخواست بھی نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کی حاضری ہر صورت ہونی چاہیئے تھی جس پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ آپ ہم سے نہیں عدالت سے پوچھیں، ہم نے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات