کم جونگ سے قبل صدر ٹرمپ جاپانی وزیرِ اعظم سے وائٹ ہائوس میںملیں گے

ٹرمپ سے امریکہ شمالی کوریا سربراہی اجلاس سے قبل دو بدو ملاقات کروں گا،جاپانی وزیراعظم کی پریس کانفرنس

بدھ 30 مئی 2018 13:45

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہان کی آئندہ ماہ ہونے والی متوقع ملاقات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جاپان کے وزیرِ اعظم شنزو ایبے سے ملاقات متوقع ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملاقات کا اعلان جاپانی وزیرِ اعظم نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی فون پر بات چیت میں دونوں رہنماوں نے امریکہ شمالی کوریا سربراہی اجلاس سے قبل دو بدو ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔وائٹ ہاوس کے ایک اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر اور جاپانی وزیرِ اعظم نے شمالی کوریا کے جوہری، کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مکمل اور مستقل خاتمے کے ہدف کے حصول کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں ملکوں کے حکام کے مطابق صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم ایبے آٹھ اور نو جون کو کینیڈا میں ہونے والے جی7 ممالک کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے لیکن امکان ہے کہ اس اجلاس سے قبل ہی وائٹ ہاوس میں ان کی دوبدو ملاقات ہوگی۔