ایبٹ آباد شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک کا ہے، آج تک کسی منتخب نمائندے نے اس جانب توجہ نہیں دی

منتخب ہونے کے بعد سب سے پہلے اس مسئلہ کی جانب توجہ دیں گے۔ حاجی ایاز خان جدون

بدھ 30 مئی 2018 15:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ایبٹ آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 16- سے امیدوار حاجی ایاز خان جدون نے کہا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد تناول، رش اور حویلیاں کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کریں گے، اگر خدا نے کامیابی دی تو ملک میں نفاذ اسلام کی بھرپور جدوجہد کے ساتھ ساتھ این اے 16 کو مثالی حلقہ بنائیں گے، غاصبوں سے حقوق جرات سے ملتے ہیں، الله کے فضل سے جرات ہمیں ورثے میں ملی ہے۔

وہ بدھ کو اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں تناول اور میدان رش کے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز اور افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی اس علاقہ سے منتخب ہو کر گئے ہیں انہوں نے اپنی ذات کیلئے سب کچھ کیا ہے لیکن ایبٹ آباد شہر کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ایبٹ آباد اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے، شہر میں پانی جیسی بنیادی سہولت بھی لوگوں کو میسر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایاز خان جدون نے کہا کہ ایبٹ آباد شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک کا ہے، آج تک کسی منتخب نمائندے نے اس جانب توجہ نہیں دی، ایبٹ آباد کے شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرتے ہیں، بہت سے افراد ٹریفک جام کے باعث ایمبولینس میں زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے تاہم اگر آپ لوگوں نے ہمیں ووٹ کے ذریعہ منتخب کر کے اسمبلی پہنچایا تو آج کے تمام مسائل حل کریں گے، ہمارا تعلق عام لوگوں سے ہے اور ہم اپنے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انشاء الله حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔