اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا حکومت سے سرکلر ڈیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

بدھ 30 مئی 2018 15:53

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا حکومت سے سرکلر ڈیٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکلر ڈیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے تا کہ معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے ۔بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ بڑھ کر 573 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو باعث تشویش ہے کیونکہ اس میں اضافہ لوڈشیڈنگ کو فروغ دے گا جس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور معیشت کمزور ہو گی لہذا حکومت سرکلر ڈیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے تا کہ معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ مئی 2013ء میں 500 ارب روپی سے تجاوز کرگیا تھا اور موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جولائی 2013ء میں 480 روپے کا سرکلر ڈیٹ کلئیر کر دیا تھا جس کے بعد یہ امید تھی کہ حکومت اس کو دوبارہ نہیں بڑھنے دے گی لیکن مئی 2018ء میں سرکلر ڈیٹ پھر دوبارہ بڑھ کر 500 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے جس سے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی گرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

۔ دریں اثناء اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نقصانات اور فیڈرز کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے فوری طور پر جامع حکمت عملی وضع کرے تا کہ ان نقصانات کو کم کر کے بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر کیا جا سکے جس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔