طاقت کا سرچشمہ عوام جمہوریت کا حسن ہے ‘ عوام ہی ہیں جو5سال بعد سیاستدانوں کا احتساب کرتے ہیں‘قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے ‘احتساب کے نام پر انتقام ٹھیک نہیں ‘ خوشی ہے کہ پارلیمنٹ دوسری بار اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے

جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 مئی 2018 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام ہی ہیں جو5سال بعد سیاستدانوں کا احتساب کرتے ہیں،قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے احتساب کے نام پر انتقام لینا ٹھیک نہیں ہے، خوشی ہے کہ پارلیمنٹ دوسری بار اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پارلیمنٹ دوسری بار اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے ۔ اس5سال کے دوران بہت سی مشکلات بھی آئیں اور کئی بار ایسا لگا کہ جمہوریت ختم ہوجائے گی لیکن جیسے تیسے کر کے جمہوریت کا سفر جاری رہا۔ آئندہ انتخابات میں سیاستدان پھر عوام کے سامنے پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ عوام ہی ہیں جو ہر5سال بعد سیاستدانوں کا احتساب کرتے ہیں اور جو عوامی نمائندے اپنے عوام سے کیے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہتے ہیں ان کو عوام نکال دیتے ہیں۔

یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور عوام انتخابات میں ووٹ دے کر اپنے پسندیدہ نمائندوں کو پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں۔ قانون سب کیلئے برابر ہو نا چاہیے، احتساب کے نام پر انتقام لینا ٹھیک نہیں ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا کریں اور پسند نا پسند سے بالاتر ہو کر کریں