احتساب عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کرپشن ریفرنس میں مفرور تین ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

بدھ 30 مئی 2018 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) احتساب عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کرپشن ریفرنس میں مفرور تین ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5جون تک ملتوی کردی ہے ۔بدھ کو کراچی کی احتساب عدالت میں سوئی سدرن گیس کمپنی میں ایک ارب ستر کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

عدالت میں نیب کے پرسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ریفرنس میں سابق ایم ڈی ایس ایس جی سی عظیم اقبال صدیقی ،چیف فنانشنل آفیسر شاہد حسین جعفری ، سی ای اوعباس حیدربلگرامی سمیت آٹھ ملزمان نے اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا اور غیرقانونی طریقے سے قومی خزانے کوایک ارب سترہ کروڑ روپے کانقصان پہنچایا ۔

ملزمان نے نجی بنک سے پورٹ قاسم پرپلانٹ اورجیٹی کی تعمیر کے لیے 1.27 ارب روپے قرضہ حاصل لیا ملزمان کی جانب سے قائم کی گئی کمپنی بینک کوقرضہ واپس کرنے میں ناکام رہی اورملزمان نے بغیرکسی منظوری کے منصوبے کاتخمینہ دوارب پچیس کروڑ تک پہنچادیا ملزمان نے پروگیس پاکستان کمپنی کے اثاثے جان بوجھ کرغلط ظاہرکیے اورجعلی دستخط کیے عدالت نے مفرورملزمان میں عظیم اقبال،عباس حیدر اورعمر صبور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی۔