ڈی آئی خان میں خفیہ اطلاع پر 32 ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف

بدھ 30 مئی 2018 18:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈاتھارٹی نے ڈی آئی خان میں خفیہ اطلاع پر 32 ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود کو ذاتی طور پر اطلاع ملی تھی کہ پنجاب سے غیرمعیاری دودھ ڈی آئی خان کے راستے کے پی میں سپلائی کیا جارہا ہے جس کے بعد ڈی آئی خان میں متعلقہ حکام نے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے توسط سے کاروائی کرتے ہوئے تین دودھ سپلائی کرنے والے ٹینکرز کو روکا اور موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کا تجزیہ کیا تو تمام ٹینکرز میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ دودھ میں موجودہ فیٹ لیول کے پی فوڈ اتھارٹی کے مجوزہ فیٹ لیول سے انتہائی کم تھا جس پر تمام ٹینکرز سے 32 ہزار لیٹر دودھ کو قبضے میں لیکر تلف کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق احمد کے مطابق پہلے کنٹینر کا تجزیہ کیا گیا تو دودھ میں اکتالیس فیصد پانی پایا گیا جس پر کنٹینر میں موجود بیس ہزار لیٹر دودھ کو ضائع کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ٹینکر کی چیکنگ کی گئی تو اس میں پچاس فیصد پانی کی ملاوٹ تھی جبکہ فیٹ لیول 2 تھا جبکہ کے پی فوڈ اتھارٹی کا تجویز کردہ فیٹ لیول پانچ ہے جس پر دوسرے ٹینکر سے بھی دودھ ضائع کیا گیا۔

اسی طرح پک اپ پر رکھے گئے ٹینک جس میں دو ہزار لیٹر سے زائد کا دودھ موجود تھا کی جب چیکنگ ہوئی تو اس میں 21 فیصد ملاوٹ پائی گئی جس پر تمام تر ٹینک کو خالی کرکے دودھ ضائع کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر تین کنٹینرز کی چیکنگ ہوئی جس میں تمام میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ تمام ٹینکرز کا فیٹ لیول کے پی فوڈ اتھارٹی کے تجویز کردہ فیٹ لیول سے کم تھا جس پر دودھ کو ضائع کرنا پڑا۔

ڈی آئی خان میں اس بڑی کاروائی پر ڈی جی کے پی فوڈ اتھارٹی نے متعلقہ ٹیم کی کاروائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ستر سے اسی فیصد دودھ پنجاب سے آتا ہے اور اگر ڈی آئی خان میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے توسط سے ایسی کاروائیاں جاری رہیں تو بہت جلد کے پی میں ملاوٹ شدہ دودھ کا نہ صرف خاتمہ ہوجائیگا بلکہ اس غیر قانونی روزگار سے جڑے افراد کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔