پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد کوپنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کردیا گیا ،نوٹیفیکیشن جاری

جمعرات 31 مئی 2018 20:49

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پروفیسر ڈاکٹر نیاراحمداختر کو پنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کردیا گیا،پنجاب حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ایچ ای ڈی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈاکٹر نیاز احمد کو چار سال کیلئے جامعہ پنجاب کا وی سی تعینات کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے بعد گورنرپنجاب نے بھی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد کو پنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کی منظوری دی،جس کے بعد ایچ ای ڈی کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیاہے ۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیڈز سے 1995ئ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی تھی جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے 1986ء میں بی ایس سی کیمیکل انجیئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

وہ ستارہ امتیاز کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ڈاکٹر نیاز احمد چار کتابوں کے مصنف، اور قومی و بین الاقوامی جرائد میں 80 ریسرچ پیپرز شائع کرا چکے ہیں۔ ڈاکٹر نیاز احمد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں چار سال سے وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات ہیں جبکہ اس سے قبل وہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں پانچ سال تک ریکٹر تعینات رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر نیاز احمد پنجاب یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ کے مستقل پروفیسر بھی ہیں اور اٴْنہوں نے اپنے تدریسی کیئریر کاآغاز پنجاب یونیورسٹی سے شروع کیا تھا۔