وزیراعلیٰ شہباز شریف سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو کی قیادت میں عالمی بینک کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا شہبازشریف نے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے محنت سے کام کیا ہے،انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوار ہو چکا‘پچا موتھو الانگو خوشحالی کا سفر تیز رفتاری سے طے کیا ،نوجوان ترقی کا انجن ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے‘شہبازشریف رحیم یار خان میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل یونیورسنٹی قائم کی ہے، زراعت کو ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہے عالمی بینک پنجاب کا بہترین پارٹنر ہے، تعاون پر شکرگزار ہیں، عالمی بینک اور پنجاب حکومت کے مابین شاندار اشتراک کارموجود ہے عالمی بینک نے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے مشاورتی سروسز فراہم کی ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 31 مئی 2018 20:51

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو کی قیادت میں عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو نے کہا کہ پنجاب نے شہبازشریف کی قیادت میں بے مثال معاشی ترقی کی ہے اورپنجاب کا انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوار ہو چکا ہے۔

شہبازشریف نے پنجاب کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے بڑی محنت سے کام کیا ہے۔گزشتہ 5 سالوں میں ترقی کے لحاظ سے پنجاب حکومت کی مختلف شعبوں میں کارکردگی شاندار ہے اورپنجاب حکومت کی اس شاندار کارکردگی کا کریڈٹ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پچاموتھو الانگو نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقی و خوشحالی کا ناقابل بیان سفر تیز رفتاری سے طے کیا ہے۔نوجوان ہماری ترقی کا انجن ہیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے شاندار پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ رحیم یار خان میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ زراعت کو ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ زراعت کی ترقی اور چھوٹے کسانوںکی خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پنجاب کا بہترین پارٹنر ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر ہم شکرگزار ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں عالمی بینک اور پنجاب حکومت کے مابین شاندار اشتراک کار رہا ہے۔

تعلیم، صحت، زراعت اور سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے عالمی بینک کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا عظیم الشان منصوبہ بھی عالمی بینک کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال گندم خریداری مہم کے دوران اس نئے نظام سے بھرپور استفادہ کیا گیا ہے۔ عالمی بینک نے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے مشاورتی سروسز فراہم کی ہیں اورگرین پنجاب پراجیکٹ اور سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے عالمی بینک اور پنجاب حکومت کا اشتراک خوش آئند ہے۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، ذکیہ شاہنواز، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سپیشل اسسٹنٹ ملک محمد احمد خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔