ام المومنین حضرت خدیجة الکبری ؑ کا یوم وصال پوری دنیا میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

جمعرات 31 مئی 2018 23:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام وصال ام المومنین حضرت خدیجة الکبری ؑ کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل نے کی ۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجة الکبری ؑ دنیا کی عظیم ترین تاجر خاتون تھیں جنکے ستر ہزار مال سے لدے اونٹ ہر وقت عرب کی منڈیوں میں موجود ہوتے تھے انہوں نے اپنا تمام مال تبلیغ اسلام کے لئے آنحضور ؐ کے قدموں پر نچھاور کردیا۔

ممتاز شیعہ رہنما اور تحر یک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی سیکرٹیر ی اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجة الکبری ؑ کا یوم منانا سنت رسول ہے ۔جمیعت علماء پاکستان(نیازی گروپ)کے قائد علامہ ایاز ظہیر ہاشمی ، علامہ عظمت اللہ سلطان ،ذہرا مہدی، سید رضا کاظمی ، بابو مشتاق حسین،ڈاکٹر صوفیہ خان، ماجدہ باقر ،شیخ مظہر علی،ولایت بلتی اور اخلاق زیدی نے حضرت خدیجة الکبری ؑکی خدمت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

ذہرا مہدی نے قرار داد پیش کی جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی گئی کہ محسن اسلام حضرت خدیجة الکبری ؑکی ذا ت پاک اور قربانیوں کو نئی نسل تک روشناس کرانے کے لئے یونیورسٹی سے پرائمری سطح تک شامل نصاب کیا جائے۔ولایت بلتی نے قرار داد میں کہا کہ حکومت 31مئی کو ولادت حضرت امام حسن ؑ اور 4تا6جون شہادت حضرت علی ؑ کے پروگرام سرکاری سطح پر منعقد کرے۔