Live Updates

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ

اداکارہ شبنم کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری ، عمران خان کا شکریہ ادا کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جون 2018 11:28

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : پی ٹی آئی میں فاروق بندیال کی شمولیت پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عمران خان نے فاروق بندیال کی پارٹی میں شمولیت کا نوٹس لے کر انہیں پارٹی سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ عمران خان کے اس فیصلے کے بعد اداکارہ شبنم کے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر موجود ایک اکاؤنٹ سے عمران خان کے اس فیصلے پر ایک پیغام جاری کیا گیا ۔

اس پیغام میں کہا گیا کہ میں جنسی زیادتی کیس میں ملوث شخص کو پارٹی سے نکالنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، اس پیغام میں ایک مجرم کے خلاف کھڑے ہونے پر انہوں نے پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ٹویٹر پر موجود اداکارہ شبنم کے نام سے یہ اکاؤنٹ بہت پُرانا ہے ، تاہم فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالے جانے پر اس اکاؤنٹ سے کیا گیا ٹویٹ گذشتہ کئی سالوں میں پہلا ٹویٹ ہے۔

(جاری ہے)

جس سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید یہ اداکارہ شبنم کا آفیشل اکاؤنٹ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ فاروق بندیال نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تو اداکارہ شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی پارٹی میں شمولیت پر پارٹی کارکنان اور عوام نے شدید احتجاج کیا۔ جس کے بعد عمران خان نے فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ فاروق بندیال کا تعلق این اے 39 خوشاب سے ہے۔

فاروق بندیال ایک زمیندار ہیں جو شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزمان میں سے ایک تھے۔یہ کیس شبنم ڈکیتی کے نام سے مشہور ہوا تھا۔ اداکارہ شبنم کے ساتھ ہونے والی زیادتی کیس میں عدالت نے 5 مرکزی ملزمان کو سزائے موت دی تھی۔ لیکن بعد ازاں اداکارہ شبنم نے دباؤ کے باعث ملزمان کو معاف کر دیا تھا اور خود بیرون ملک منتقل ہو گئی تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات