سپریم کورٹ میں خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کالعدم قرار

اللہ نے مجھ جیسے گناہ گار پر رحم کیا ہے ۔ خواجہ آصف کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جون 2018 11:40

سپریم کورٹ میں خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کالعدم قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : سپریم کورٹ میں خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں سپریم کورٹ نے کیس پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ اپیل پر مختصر فیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال نے سنایا۔کیس کا تفصیلی فیصلہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔

تاحیات نا اہلی کالعدم قرار ہونے کے تحت خواجہ آصف عام انتخابات 2018ء میں حصہ لے سکیں گے۔ اس پر خواجہ آصف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اللہ کا شکر ادا کیا۔ اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم اور کرم کیا ھے ۔۔ رب العزت کا احسان اورمہربانیوں کا شمار ھہی نہیں ۔

(جاری ہے)

۔ میں عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

۔ الحمداللہ
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت کی جانب سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا،2013 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔

تاہم آج سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی ۔ اور سماعت میں سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کو کالعدم قرار دے دیا۔ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔