الخدمت اسپتال ناظم آبادمیں پہلی سیٹلائٹ فارمیسی کا افتتاح کر دیا گیا

سیٹلائٹ فارمیسی الخدمت کی بڑی کامیابی ہے ،مریضوں اور ان کے لواحقین مشکلات حل ہوں گی ،ْحافظ نعیم الرحمن

جمعہ 1 جون 2018 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) الخدمت کراچی نے الخدمت اسپتال ناظم آبادمیں پہلی سیٹلائٹ فارمیسی کا افتتاح کردیا ۔افتتاح امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کیا ۔اس موقع پر الخدمت کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو راشدقریشی ،ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اظہر چغتائی ،ڈاکٹر ہمایوں فرح ،ڈاکٹر طالب اقبال ،جنرل منیجر عاطف احمد، ابو الاعلیٰ صدیقی بھی موجود تھے، جبکہ ڈائریکٹر فارمیسی سید جمشیداحمد،منیجرفارمیسی ضیا دہاشمی، پروجیکٹ ہیڈ فارما سسٹ عمیمہ مزمل ،ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر نصرت اقبال نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سیٹلائٹ فارمیسی الخدمت کی بڑی کامیابی ہے ۔اس سے اسپتال میں داخل مریض اور ان کے لواحقین کی بڑی مشکل حل ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

یقینا یہ اقدام بڑی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس کے ثمرات اسپتال میں داخل مریضوں کو حاصل ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت ہمارے لیے نیک شگون ہے ۔اس سے منسلک لوگ جہاں اپنے خاندانوں کی کفالت کا ذریعہ بن رہے ہیں ،وہیںخدمت کے کام سے بھی منسلک ہیں ۔

خدمت اللہ کو بہت پسند ہے ۔خدمت کرنے والوں کا لوگوں کے ساتھ رویہ عمدہ ہونا چاہیے اوریہ الخدمت اور جماعت اسلامی کی پہچان بننی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کی اچھی تربیت کی فکر ضرور کرنی چاہیے مگر آخرت کی بھی فکر کی جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کی ضرورت ہے جو آپ کے ساتھ دینے اور آگے بڑھنے سے آسکتی ہے ۔

انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو فارمیسی کے قیام پر مبارک باد دی ۔ سید جمشیداحمد نے کہا کہ این جی او ہونے کہ ناطے یہ بڑی کامیابی ہے ،ضیا دہاشمی نے فارمیسی سے متعلق تفصیلات سے آگا ہ کیا ۔آخرمیں فارما سسٹ اور الخدمت کے تحت ایک معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت الخدمت کا عملہ اور مریض مختلف امراض سے متعلق فارماسسٹ سے فوری معلومات حاصل کر سکیں گے۔