ماہرین زراعت کی کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے برداشت کا عمل انتہائی احتیاط سے مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 2 جون 2018 14:03

فیصل آباد۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے برداشت کا عمل انتہائی احتیاط سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے لہٰذاکاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے مکمل کریں کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری، پھولوں کی پتیاں جلد خشک اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں جبکہ اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرنے کے بعد سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریںاور اگر فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں ،ان کے وزن میں کمی آجاتی ہے اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لئے بہترین قیمت حاصل کرنے یا سٹوروں میں ذخیرہ کرنے کے لیے اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد اور کچرہ دو فیصد سے زیادہ نہ ہو ۔انہوںنے کہاکہ جب دانہ دبانے سے ٹوٹنے لگے تواس وقت اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد کے قریب ہوتی ہے لہٰذابیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :