پنجاب میں آم کے پیداواری مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ

آم کے پیداواری مقابلوں میں شرکت کے لیے درخواستیں 11جون تک دی جا سکتی ہیں

ہفتہ 2 جون 2018 15:11

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام آم کے پیداواری مقابلوں میں شرکت کے لیے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 11جون مقرر کی گئی ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان ہارون خان نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومت پنجاب آم کے باغبانوں میں صحتمندانہ مقابلہ کی فضاء پیدا کرنے اور آموں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے آموں کے پیداواری مقابلہ 2018-19 کا انعقاد کرے گی ۔

پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئی3 ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے،اس سلسلہ میں مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکار بھی اہل ہوں گے جبکہ ٹھیکیداران/ مزارعین بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکاران 3 ایکڑ متصل فصل آم جس میںثمر بہشت،چونسا یا سندھڑی یا سفید چونسا کی قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کریں گے۔

مقابلہ کیلئے درخواست فارم متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس کے علاوہ یہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں ۔درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہو گی۔باغبان اپنی درخواستیں11 جون2018 تک جمع کروا سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے پیداواری مقابلہ جات کے انعقاد سے کاشتکاروں میں ایک صحتمندانہ مقابلہ کی فضاء پیدا ہو گی اور اعلیٰ نسل کے آموں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :