میئر سکھرکیجانب سے فائر بریگیڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

ہفتہ 2 جون 2018 23:44

سکھر۔ 2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے فائر بریگیڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور فائر افسران کو کثیر المنزلہ عمارتوں میں آگ بجھانے کے لئے اسنارکل یا متبادل گاڑیوں سمیت دوسرے ضروری انتظامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بلدیہ اعلی سکھر کے پانچویں عمومی اجلاس کے موقع پر انہوں نے پیزا ٹائون میں آگ لگنے اور بچے کی ہلاکت پر بھی وضاحت طلب کی جبکہ فائر آفیسر II کی کارکردگی کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے معاملات پر مقررہ کمیٹی کی سفارش پر اب فائر بریگیڈ 3 شفٹوں میں کام کرے گی اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا، میئر سکھر نے کہا کہ اب انتظامی کمیٹیاں بن چکی ہیں لہٰذا ہر چیئرمین بلاتاخیر اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں، لاء آفیسر کوڈ آف کنڈکٹ بلاتاخیر بنائیں، بلدیہ میں ڈپسلین قائم کیا جائے، غیر ضروری اخراجات ختم کر کے ضروری کام بلاتاخیر کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیکسیشن آفیسر کو سختی سے ہدایت کی کہ گلشن اقبال اور قبرستانوں سے ناجائز تجاوزاقت فوری ختم کرا کے رپورٹ پیش کریں اور شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم جلد شروع کی جائے اور عمارتوں کی تعمیر و ملبہ کے بائی لاز بنائیں، SBCA سے رابطہ کریں ، کثیر المنزلہ عمارتوں میں بلڈرز کی جانب سے آگ بجھانے کے آلات و انتظامات کئے بغیر ان کی تعمیر کی اجازت نہ دی جائے۔

میئر سکھر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر نیا تعمیراتی کام اب شروع نہیں ہوگا، البتہ جاری ترقیاتی کاموں کو بلاتاخیر مکمل کریں ، میئر سکھر نے احسان لاشاری کی تجویز پر ایک ماہ کے لئے سکھر میں 10 ہیٹ اسٹروک سینٹر بنانے کی منظور بھی دی، چیئرمین صاحبان مالی و انتظامی ڈسپلین قائم کرنے سمیت میونسپل کمشنر پیر واحد بخش کے ساتھ بیٹھ کر تجاویز مرتب کریں ، ہر کمیٹی مکمل طور پر با اختیار ہوگی انہوں نے ایشور لال اور یوتھ ممبر بہاول سرہیوکے لئے دفاتر کی منظوری بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے فیز III میں کنسلٹنٹ نے بلاتاخیر کام مکمل کرنے کا یقین دلایا ہے البتہ بجلی کی عدم فراہمی اور لو وولٹیج سے پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام چیئرمین و ممبر اپنی شکایات تجاویز میئر سیکریٹریٹ میں تحریری طور پر جمع کرائیں تاکہ ان پر فوری عملدر آمد کیا جاسکے۔