شہری کی درخواست پر اینٹی کرپشن حکام نے ہومی سا ئیڈ ڈ سکہ سرکل کے دو افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

اتوار 3 جون 2018 00:20

سیالکوٹ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) شہری کی درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے احکامات پر ہومی سائیڈ ڈسکہ سرکل کے دو آفسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے ، تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کا رہائشی عصمت اللہ نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست دی ہے جس میں اس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ تھانہ موترہ میں درج ہوا تھا جس میں ڈسکہ ہومی سائیڈ سیل کے انسپکٹر اختر چیمہ اور سب انسپکٹر افتخار احمد نے مجھے گرفتار کر لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا ،دونوں افسران نے دوران حراست مجھ سے اڑھائی لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر تم ہمیں اڑھائی لاکھ روپے دے دو گے تو تمہیں مقدمہ میں بے گناہ ثابت کر دیں گے جس پر میں نے ان کی سنگین نتائج کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہو کر اپنے اہل خانہ کو دوران حراست ہی کال کی جس پر میرے عزیز ملک ناصر ،محمدعرفان اور محمد عظیم اڑھائی لاکھ روپے لے کر پہنچ گئے جو میں نے گواہاں کی موجودگی میں 24دسمبر کو انسپکٹر اختر چیمہ کو ڈیڑھ لاکھ اور سب انسپکٹر افتخار چیمہ کو ایک لاکھ روپے ادا کر دئیے ۔

(جاری ہے)

رقم وصول کرنے کے بعد مذکورہ پولیس افسران نے مجھے گنہگار قرار دیتے ہوئے چالان عدالت میں جمع کروا دیاجس کی بابت میں نے ڈی پی او سیالکوٹ کو درخواست دی ۔ با اثر پولیس ملازمین کی ملی بھگت سے میرے اور گواہاں کے بیانات سننے کے بغیر ہی میری درخواست کو داخل دفتر کر دیا گیا ۔ شہری کی درخواست ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی انکوائری احکامات کے بعد دونوں افسران کے خلاف کرپشن کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔