پی سی بی کی فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کو روکنے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں

پی سی بی کا فٹنس ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو فیلڈنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ

اتوار 3 جون 2018 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) پی سی بی کی فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کو روکنے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، وہ حالیہ دورئہ انگلینڈ کے بعد فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری مزید نہیں سنبھالیں گے۔پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ دورئہ برطانیہ کے بعد مزید فرائض انجام نہیں دیں گے، ان کے دور میں کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں غیرمعمولی بہتری آئی اور اب پاکستانی ٹیم اس شعبے میں کمزور نہیں رہی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں انگلینڈ میں ہی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اسٹیو رکسن سے ملاقات کی اور انھیں ورلڈکپ تک کام جاری رکھنے کا کہا مگر وہ نہ مانے، ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر باہر رہنے کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ وقت گذارنے کا موقع نہیں ملتا، اس لیے مزید فرائض انجام نہیں دینا چاہتے، ان کے انکار پر چیئرمین نے جب کوچ مکی آرتھر سے تبادلہ خیال کیا تو انھوں نے فٹنس ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو ہی اضافی ذمہ داری سونپنے کا مشورہ دیا جسے منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

جولائی میں دورئہ زمبابوے کے دوران وہی فیلڈنگ کوچ کے فرائض بھی نبھائیں گے،اس دوران ضرورت محسوس ہونے پر نئے کوچ کی تلاش کا کام شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ آرتھر سمیت دیگر غیرملکی اسٹاف کے کنٹریکٹ ورلڈکپ 2019تک کے ہیں، مگر پی سی بی ان کے کام سے مطمئن اور توسیع دینا چاہتا ہے۔