رمضان ڈسٹرکٹ ٹیبل ٹینس مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئے

اتوار جون 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رمضان ڈسٹرکٹ ٹیبل ٹینس مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئے جس میں پچاس سے زائدمرد وخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ، چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح آرمی پبلک سکول میں شہید ملک اسامہ طاہر کے والد اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین ملک طاہر اعوان نے کیا ، اس موقع پر صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت الله اورکزئی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ٹیبل ٹینس مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئے جس میں تین مختلف کیٹگریز میں پچاس سے زائد لڑکے ، لڑکیاں اور بارہ سال سے کم عمر کے بچے شرکت کررہے ہیں ،افتتاحی روز کھیلے گئے مقابلوں میں امم خواجہ نے شرجیل کو تین ایک سے شکست دی جبکہ اویس نے شایان کو تین صفر سے ہرایا اسی طرح لڑکیوں کے مقابلوں میں افیفا اور خدیجہ نے اپنے میچز جیت کر آگلے رائونڈ تک رسائی حاصل کی مقابلے دو دن تک جاری رہینگے ۔