Live Updates

عائشہ گلالئی کا خواجہ سراؤں کو قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ جاری کرنے کے اعلان

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو انتخابی ٹکٹ دیا جا رہاہے اسلام میں کسی انسان کو کسی پر برتری حاصل نہیں،مغرب میں تیسری جنس کے لوگ اہم عہدوں پر فائز ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف (گلالئی ) کی چیئرپرسن عائشہ گلالئی نے خواجہ سراؤں کو قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ جاری کرنے کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو انتخابی ٹکٹ دیا جا رہاہے،اسلام میں کسی انسان کو کسی پر برتری حاصل نہیں،مغرب میں تیسری جنس کے لوگ اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف (گلالئی) خواجہ سرائوں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کرتی ہے،ملکی تاریخ مییں پہلی مرتبہ خواجہ سرائوں کو انتخابی ٹکٹ دیا جا رہاہے،ہم نے چار خواجہ سرائوں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جن میں دو ٹکٹ قومی اور دو صوبائی اسمبلیوں کیلئے جاری کئے گئے ہیں،خواجہ سرا نایاب علی این اے 142 سے جبکہ ندیم کشش این اے 52 سے الیکشن لڑیں گی۔

(جاری ہے)

عائشہ گلالئی نے مزید کہا کہ اسلام میں کسی انسان کو کسی پر برتری حاصل نہیں،مغرب میں تیسری جنس کے لوگ اہم عہدوں پر فائز ہیں،کنیڈا کا ناروے میں سفیر تیسری جنس کا ہے،یہ ہمارے ہی لوگ ہیں اور ہم میں سے ہی ہیں،پی ٹی آئی (جی) انکو عزت دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام خواجہ سرا امیدواروں کو بغیر فیس کے ٹکٹ جاری کئے ہیں، اسلام آباد سے طارق فضل چوہدری کے مقابلے میں ہمارے خواجہ سرا امیدوار الیکشن میں حصہ لے گا جبکہ لبنی لعل پی پی 26 ، میڈم رانی پی کے 40 سے الیکشن لڑیں گی۔

ندیم کشش این اے 52 سے جب کہ نایاب علی این اے 142 سے الیکشن لڑیں گی۔خواجہ سرانایاب علی کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کو کسی بھی سیاسی جماعت نے کبھی ٹکٹ جاری نہیں کیا،یہ کیسا سیاسی نظام ہے جس میں خواجہ سرا شامل نہیں،ہمیں شناختی کارڈ اور ووٹ کا حق کسی حکومت نہیں بلکہ عدالتوں نے دیا،پاکستان تحریک انصاف گلالئی گروپ کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا، جب تک ہمارا نمائندہ اسمبلی میں نہیں ہو گا تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے،عمران خان نے گیارہ نکاتی ایجنڈا پیش کیا لیکن ہمیں نظر انداز کیا گیا،ہم رویہ تبدیل نہیں کرتے اور تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں۔

نایاب علی نے مزید کہا کہ حکمران جماعتوں نے مخصوص سیٹوں پر بھی ہمیں نظر انداز رکھا،ہمیں سب سے پہلے والدین نظرانداز کرتے ہیں اور ہمیں جائیداد سے حصہ نہیں دیا جاتا،ہمیں تعلیمی اداروں میں داخلہ نہیں ملتا لیکن نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے،جب ہم تعلیم حاصل نہیں کر سکیں گے تو نوکریاں کیسے ملیں گی،چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے خواجہ سرائوں کی نمائندگی موجود ہے،ہم عائشہ گلالئی کی جماعت کے ساتھ الحاق کا اعلان کرتے ہیں،ہم ان کی پارٹی کو پورے ملک میں سپورٹ کریں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات