گوشت کی برآمدات رواں مالی سال کے اختتام تک 250 ملین ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے، آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

پیر 4 جون 2018 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے اختتام تک گوشت کی برآمدات 250 ملین ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (اے پی ایم ای ای) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی میں مارچ اور اپریل کے دوران گوشت کی برآمدات سے 61 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے جس سے جاری مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے دوران گوشت کی برآمدات کا حجم 190 ملین ڈالر تک بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ جاری مالی سال کے اختتام تک گوشت کی برآمد میں اضافہ کے رحجان کے تسلسل سے مالی سال کے اختتام تک برآمدی حجم 250 ملین ڈالر تک بڑھ جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران گوشت کی قومی برآمدات کا حجم 221 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اختتام پر گوشت کی برآمدات میں 30 ملین ڈالر کا اضافہ متوقع ہے لیکن جاری مالی سال کی برآمدات مالی سال 2016ء کے مقابلہ میں 19 ملین ڈالر تک کم ہوں گی کیونکہ مالی سال 2016ء کے دوران گوشت کی برآمدات کا حجم 269 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔