ون یونٹ کلب نے رمضان المبارک ایس ایس بی ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

پیر 4 جون 2018 14:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) ون یونٹ کلب نے رمضان المبارک ایس ایس بی ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا، ون یونٹ کلب نے اومیگا کلب کو فیصلہ کن معرکے میں 42-39 پوائنٹس سے شکست دی۔ پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے عرم باغ باسکٹ بال کورٹ پر کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ون یونٹ کلب نے اومیگا کلب کو زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کی طرف سے طلال احمد 15، تشفین زیدی 13، کاشف سرور نے 9 پوائنٹس جبکہ اومیگا کلب کی جانب سے عزیر ندیم 15، تیمور ظہیر 13 اور طاہر نقاش نے 4 پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے۔

فائنل میچ کے اختتام پر عرم باغ کورٹ پر تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی چیئرمین بلدیہ جنوبی ملک فیاض نے فاتح ،رنر اپ ٹیموں سمیت دیگر ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں اور کھلاڑیوں میں ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریفری ایسوسی ایشن کو 50 ہزار روپے نقد اور مین آف دی ٹورنامنٹ طلال احمد اور مین آف دی میچ تشفین زیدی کو خصوصی ٹرافی اور نقد انعام دیئے گئے۔

تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئر مین بلدیہ جنوبی ملک فیاض نے اعلان کیا کہ عرم باغ باسکٹ بال کورٹ کی توسیع اور نئی فیلڈ لائٹس نصب کئے جائیں گے انہوںنے کہاکہ تمام کھیلوں سمیت باسکٹ بال کھیل کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرینگے کھیل اور کھلاڑیوں کے فروغ اور سرپرستی کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔