ٹیکس وصولی کے ہدف کے حصول کے لیے آرٹی اوملتان کے حکام کا اجلاس

پیر 4 جون 2018 23:25

ملتان۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) فیڈرل بو رڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی طرف سے ریجنل ٹیکس آفس(آرٹی او)ملتان کو جون2018ء کے لیے اس کی تاریخ کا بلند ترین 13ار ب روپے وصولیوں کا ہدف دینے پر یہاں آرٹی او ملتان کے اعلی افسران کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف کمشنران لینڈ ریونیو ڈاکٹر خلیل احمدکے علاوہ کمشنرکارپوریٹ زون،کمشنرودہولڈنگ ٹیکس زون،کمشنرملتان زون ودیگر نے شرکت کی جس میں 13ارب روپے کی وصولی کے لیے لائحہ عمل ترتیب دے کر کام کرنے پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے بڑے اداروں شوگرانڈسٹری،کھاد فیکٹریوں ،بیوریج انڈسٹری،بینکوں اور دیگر ذرائع سے وصولیوں اورایڈوانس ٹیکس کی وصولی کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ملتان ڈاکٹر خلیل احمد جو 24جون کو ریٹائر ہورہے ہیں ،نے ٹیکس وصولی کی مشینری کومزید فعال بنانے اور ٹارگٹ مقرر کرکے کام کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس بنانے کے علاوہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس گزاروں کو سہولت مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ٹیکسز کی وصولی کے لیے ایسا رویہ ہونا چاہیے کہ ٹیکس دینے والا اسے بوجھ نہ سمجھے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیکس کے معاملات کو خوف کی علامت بنادیاگیا ہے ۔ہمیں اس تاثرکوبھی دور کرنا ہے اور حکومتی اہداف کوبھی پورا کرنا ہے۔آرٹی او ملتان کے لیے گزشتہ سال جون2017ء میں ٹیکس وصولیوں کاہدف 10ارب روپے مقرر کیاگیاتھا جبکہ آرٹی او ملتان جون2017ء میں بھرپور کوششوں کے بعد 9ارب روپے ہی حاصل کرسکاتھا۔

متعلقہ عنوان :